کالیکی منڈی (ملک طارق) ضلع حافظ آباد کے نواحی گاؤں کولو تارڑ کے گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول میں گیارہویں اور بارہویں جماعت کی بچیوں کے لیے سائنس ٹیچر کی عدم دستیابی نے والدین اور طلبہ کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کئی مہینوں سے سکول میں سائنس مضامین کے لیے کوئی ٹیچر موجود نہیں، جس سے بچیوں کی تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔ والدین کا کہنا ہے کہ سائنس جیسے اہم مضامین میں تربیت نہ ملنے سے بچیوں کا تعلیمی مستقبل داؤ پر لگ گیا ہے۔ یہ مسئلہ بچیوں کی تعلیم پر نہ صرف منفی اثرات ڈال رہا ہے بلکہ ان کی دلچسپی بھی کم ہو رہی ہے۔ علاقے کے والدین نے محترمہ مریم نواز شریف صاحبہ، وزیراعلی پنجاب، محترمہ سائرہ افضل تارڑ صاحبہ، ڈی سی حافظ آباد عبدالرزاق صاحب اور سی ای او ایجوکیشن سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر اس سکول میں قابل سائنس ٹیچر تعینات کیا جائے۔ والدین کا کہنا ہے کہ وہ پرائیویٹ اداروں میں بچوں کو پڑھانے کا خرچ افورڈ نہیں کر سکتے، لہذا سرکاری سکول میں معیاری تعلیم فراہم کی جائے تاکہ ان کی بچیاں مستقبل میں بہتر مواقع حاصل کر سکیں۔
