لاہور(سجاد علی بھنڈر سے) لیڈز یونیورسٹی میں نئے آنے والے طلبہ و طالبات کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ پروقار تقریب کے صدارت چیئرمین لیڈز یونیورسٹی ظہور احمد وٹو نے کی۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ندیم بھٹی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر حمزہ ظہور وٹو اور رجسٹرار سعید احمد وٹو نے خصوصی شرکت کی۔
شایانِ شان تقریب میں معزز ڈینز، صدور شعبہ جات، ڈائریکٹرز ، فیکلٹی ممبران اور اساتذہ اکرام نے شرکت کی۔ استقبالیہ تقریب میں طلباءو طالبات اور انکے والدین کی کثیر تعداد نے بھرپور شرکت کی۔ استقبالیہ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین لیڈز یونیورسٹی نے کہا کہ میں نئے آنے والے طلبہ کو لیڈز فیملی کا حصہ بننے پر مبارک باد دیتا ہوں اور آپ سب کو خوش آمدید کہتا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم طلبہ کو جدید تعلیم کی فراہمی اور ریسرچ کیلئے سہولیات باہم پہنچانے کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔ معیاری تعلیم اور مناسب فیس سمیت فروغ تعلیم کیلئے سکالرشپ ہمارا خاصہ ہے۔
تقریب سے اپنے خطاب میں وائس چانسلر لیڈز یونیورسٹی ڈاکٹر ندیم بھٹی نے کہا کہ بین الاقوامی یونیورسٹیز سے الحاق ہماری قابلیت کا منہ بولتا ثبوت ہے، انہوں نے مزید کہا کہ لیڈز یونیورسٹی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ ہمارا کینیڈا اور ملائشیا کی یونیورسٹیز کے ساتھ تعلیمی ایم او یو موجود ہے جس سے بچوں کو بیرون ممالک میں تعلیم حاصل کرنے اور اپنا مستقبل سنوارنے کا موقع ملے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر حمزہ ظہور وٹو نے کہا کہ ہم طلبہ کی تعلیم و تربیت پر زور دیتے ہیں اور مارکیٹ کی ضرورت کے پیش نظر بچوں کو تیار کرتے ہیں۔ پروگرام کے اختتام پر دعا ہوئی اور شرکاء کیلئے ریفریشمنٹ کا اہتمام کی گیا۔
