ڈھاکا: بنگلادیش نے اپنی فضائیہ کو جدید بنانے اور قومی فضائی دفاع کو مضبوط کرنے کے لیے چین سے 20 جدید جے 10 سی لڑاکا طیارے خریدنے کا فیصلہ کرلیا۔ بنگلادیشی میڈیا کا کہنا ہے کہ سرکاری دستاویزات کے مطابق لڑاکا طیاروں کی خریداری کے معاہدے کی کل مالیت تقریباً 2 ارب 20 کروڑ ڈالر ہوگی جس میں طیاروں کی خریداری، پائلٹس کی تربیت، طیاروں کی دیکھ بھال اور دیگر متعلقہ اخراجات بھی شامل ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ خریداری گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ معاہدے کے تحت مالی سال26-2025 اور 27-2026کے دوران مکمل کیے جانے کا امکان ہے جبکہ ادائیگیاں 36-2035 تک 10 سالہ اقساط میں کی جائیں گی۔ چینی جریدے گلوبل ٹائمز کے مطابق جے 10 سی فورتھ جنریشن ملٹی رول لڑاکا طیارہ ہے جو فضائی اور زمینی اہداف کے خلاف مختلف نوعیت کے مشن انجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ طیارہ آواز کی رفتار سے 2.2 گنا زائد (تقریباً 2 ہزار 415 کلومیٹر فی گھنٹہ) کی رفتار حاصل کرسکتا ہے اور اس کا آپریشنل رینج 1850 کلومیٹر ہے۔ یہ طیارہ 200 کلومیٹر تک کے فاصلے پر اہداف کو نشانہ بنا سکتا ہے اور ڈرونز و دیگر طیاروں کے ساتھ مربوط آپریشنز انجام دینے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔

بنگلادیش کے چیف ایڈوائزر کے دفتر کا کہنا ہے کہ ہر طیارے کی بنیادی قیمت 6 کروڑ ڈالر مقرر کی گئی ہے جس کے مطابق مجموعی بیڑے کی قیمت 1.2 ارب ڈالر بنتی ہے جبکہ اضافی اخراجات تربیت، آلات اور نقل و حمل پر خرچ کیے جائیں گے.

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *