مانانوالہ(نوید انجم مغل)مانانوالہ کی معروف روحانی شخصیت حضرت حاجی حافظ نوشہ گنج بخشؒ کے 26 ویں سالانہ عرس مبارک کی تقریبات آج 30 مارچ بروز پیر کو انتہائی تزک و احتشام کے ساتھ منعقد ہو رہی ہیں۔ اس پروقار عرس مبارک کی صدارت گدی نشین دربار نوشہ پاک صاحبزادہ پیر سلمان علی شاہ نوشاہی قادری فرمائیں گے جبکہ تمام تر انتظامات غلامانِ انجمن نوشہ گنج بخش مانانوالہ کے زیرِ اہتمام مکمل کیے گئے ہیں۔
عرس پاک کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز آج بعد از نماز عصر ختم شریف کی محفل سے ہوگا جس میں حضرت نوشہ گنج بخشؒ کے درجات کی بلندی اور ملک و ملت کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔ ختم پاک کے فوراً بعد عقیدت مندوں اور اہل علاقہ میں لنگر تقسیم کیا جائے گا۔ عرس کی سب سے اہم اور روح پرور نشست بعد از نماز عشاء منعقد ہوگی جس میں محفلِ سماع کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔ اس محفل میں نامور قوال حامد احسان اور ان کے ہم نوا اپنے مخصوص انداز میں عارفانہ کلام اور صوفیانہ شاعری پیش کر کے حاضرین کے دلوں کو گرمائیں گے۔
عرس کے موقع پر مانانوالہ اور گردونواح سے مریدین اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد میں شرکت متوقع ہے جس کے لیے انتظامیہ کی جانب سے تمام ضروری تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ یہ روحانی اجتماع علاقے میں صوفیاء کی محبت اور رواداری کے پیغام کو عام کرنے کا ایک اہم ذریعہ ثابت ہوگا
