حکومت نے ملک سے جعلی اور غیر معیاری ادویات کے خاتمے کے لیے بڑا فیصلہ کرلیا۔
وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے ملک سے جعلی اور غیر معیاری ادویات کے خاتمے اور معیار کو یقینی بنانے کے لیے ایک بڑے اقدام کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں آئندہ 60 دن کے اندر تمام ادویات پر ’بارکوڈ سسٹم‘ متعارف کرا دیا جائے گا، جس کے لیے وزارتِ صحت اور متعلقہ اداروں کی جانب سے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
پاکستان فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے ہیڈکوارٹر کے دورے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ ادویات کے شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے پاکستان میں 17 اور 18 جولائی کو ایک میگا پاک-چین بزنس ٹو بزنس فارما کانفرنس منعقد ہونے جا رہی ہے۔
اس کانفرنس میں اب تک 150 سے زائد مقامی فارما کمپنیوں نے رجسٹریشن کروا لی ہے، جبکہ چین کی جانب سے بھی 100 سے زائد فارماسیوٹیکل کمپنیاں اس میں شرکت کریں گی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت چین سے میڈیکل ڈیوائسز، ایکٹو فارماسیوٹیکل انگریڈینٹس، نئی ادویات، جدید مالیکیولز اور جدید ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری لانا چاہتی ہے تاکہ مقامی صنعت مضبوط ہو اور پاکستان خطے میں فارماسیوٹیکل مرکز بن سکے۔
