لاہور: سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اطلاعات کے مطابق معروف پاکستانی پوڈکاسٹر ریحان طارق کو لندن سے لاہور پہنچنے کے بعد لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر قومی سائبر کرائم تحقیقاتی ایجنسی (NCCIA) کے اہلکاروں نے اپنی تحویل میں لے لیا۔ ذرائع کے مطابق ریحان طارق جیسے ہی امیگریشن اور ایئرپورٹ کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد باہر آنے لگے تو ابتدا میں انہیں ایئرپورٹ پر موجود اہلکاروں نے روک لیا۔ بعد ازاں قومی سائبر کرائم تحقیقاتی ایجنسی (NCCIA) کی ٹیم موقع پر پہنچی اور انہیں اپنی تحویل میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ اطلاعات کے مطابق اس کارروائی کے بعد ریحان طارق سے متعلق مختلف قیاس آرائیاں سامنے آ رہی ہیں، تاہم تاحال متعلقہ حکام کی جانب سے ان کی حراست یا ممکنہ گرفتاری کی وجوہات کے بارے میں کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔ اسی طرح یہ بھی واضح نہیں کیا گیا کہ آیا انہیں کسی مقدمے، انکوائری یا تفتیش کے سلسلے میں تحویل میں لیا گیا ہے یا نہیں۔ سوشل میڈیا پر اس واقعے کے بعد مختلف حلقوں کی جانب سے ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے، جبکہ صارفین متعلقہ اداروں سے واقعے کی تفصیلات اور سرکاری مؤقف جاری کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں تاکہ افواہوں اور غیر مصدقہ اطلاعات کا خاتمہ ہو سکے۔ واضح رہے کہ اس خبر کی آزاد ذرائع سے مکمل تصدیق یا متعلقہ اداروں کی جانب سے باضابطہ تصدیق تاحال سامنے نہیں آئی، اس لیے سرکاری موقف جاری ہونے تک اس معاملے کو زیرِ تفتیش اطلاعات کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
