انسداد دہشت گردی عدالت کے ایڈمن جج منظر علی گل 9 مئی کے جناح ہاؤس اور عسکری ٹاور حملہ کیسز کے جیل ٹرائل پر آج کوٹ لکھپت جیل میں سماعت کریں گے۔

عدالت نے گواہان کو شہادت ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کر رکھا ہے۔ سماعت کے دوران گواہان کے بیانات قلمبند کیے جانے کا امکان ہے۔ عدالتی عملہ کوٹ لکھپت جیل میں برضمانت اور زیر حراست ملزمان کی حاضری مکمل کرے گا۔

جناح ہاؤس حملہ کیس میں 200 سے زائد افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ استغاثہ کے مطابق پی ٹی آئی رہنماؤں پر کارکنان کو 9 مئی کے واقعات کے دوران بغاوت اور فسادات پر اکسانے کا الزام ہے۔

زیر حراست ملزمان میں ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چوہدری اور میاں محمود الرشید سمیت دیگر رہنما شامل ہیں۔

مقدمات میں صنم جاوید، عالیہ حمزہ، طیبہ راجہ، خدیجہ شاہ اور روبینہ جمیل کے نام بھی شامل ہیں۔

ملزمان کی جانب سے رانا مدثر عمر اور میاں علی عمار ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہو کر پیروی کریں گے۔

یہ سماعت 9 مئی کے مقدمات کے جیل ٹرائل کا حصہ ہے جس کا مقصد سکیورٹی وجوہات کی بنا پر کارروائی جیل کے اندر مکمل کرنا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *