پاکستان نے چین کے 1.4 ارب ڈالر واپس کردیے جب کہ 3 سال میں زرمبادلہ ذخائر بڑھانے کے لیے 28 ارب ڈالر خریدے گئے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ پاکستان نے چین کو 1.4 ارب ڈالر مالیت کا کمرشل قرض لوٹا دیا ہے، جبکہ رواں برس مجموعی طور پر بیرونی قرضوں کی ادائیگیوں کے دباؤ میں واضح کمی دیکھی جا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جولائی میں مجموعی طور پر 2.2 ارب ڈالر کے بیرونی قرضے چکائے گئے ہیں۔ اس رقم میں چین کو ادا کردہ 1.4 ارب ڈالر کا کمرشل قرض اور 80 کروڑ ڈالر کے دیگر واجبات شامل ہیں۔ گورنر اسٹیٹ بینک کے مطابق چین کی جانب سے اس قرض کی دوبارہ فنانسنگ چند ہفتوں میں متوقع ہے، جس کے لیے تکنیکی مراحل جاری ہیں۔ علاوہ ازیں حکومتی حکمت عملی کے تحت زرمبادلہ کے ذخائر بڑھانے کے لیے گزشتہ 3 برسوں میں 28 ارب ڈالر کی خریداری کی گئی ہے، جس سے مالیاتی شعبے میں استحکام پیدا ہوا ہے۔
