اسکاٹ لینڈ سے تعلق رکھنے والی خاتون جولیٹا لورینا مارٹینز نے سلطنت عثمانیہ پر بننے والی مشہور ترک سیریز ’ارطغرل غازی‘ کے سیکوئل ’کورولوش عثمان‘ کو دیکھ کر اسلام قبول کرلیا۔

ترک پروڈکشن کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ جولیٹا لورینا مارٹینز نے ’کورولوش عثمان‘ سیریز سے متاثر ہوکرترک ثقافت میں گہری دلچسپی محسوس کی، اسی دلچسپی کے سبب جولیٹا نے اسلامی تعلیمات سے متعلق تحقیق کی اور بلآخر دائرہ اسلام میں داخل ہوگئیں۔ ترک میڈیا سے گفتگو کے دوران جولیٹا نے بتایا کہ ’میں نے کورونا لاک ڈاؤن کے دوران ترک ٹی وی سیریز دیکھنا شروع کی تھیں، ان ٹی وی سیریز کی بدولت مجھے اسلامی تعلیمات جاننے کا شوق بیدار ہوا، اسی دلچسپی نے مجھے قرآن پڑھنے پر اکسایا اور 2 سال بعد کورولوش عثمان سے متاثر ہوکر کلمہ شہادت پڑھ کر میں دائرہ اسلام میں داخل ہوگئی‘ ۔

واضح رہے کہ سلطنت عثمانیہ کے قیام اور ثقافتی ورثے کی تصویر کشی کے لیے بنائی گئی ترک سیریز ’ارطغرل غازی‘ اور اس کے سیکوئل ’کورولوش عثمان‘ نے دنیا بھر ناظرین کو اپنی طرف متوجہ کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *