جب ہمیں شرم آتی ہے تو ہمارا چہرہ سُرخ ہوجاتا ہے۔ یہ ایک فطری جسمانی ردِعمل ہے جس کا تعلق دماغ، اعصاب، اور خون کی روانی سے ہے۔ جب آپ کو شرم، جھجک، یا گھبراہٹ محسوس ہوتی ہے جیسے کسی کے سامنے غلطی ہوجائے تعریف ہو جائے یا سب کی توجہ آپ پر آجائے تو دماغ فوری طور پر “ایڈرینالین” ہارمون خارج کرتا ہے۔ یہ وہی ہارمون ہے جو خوف یا تناؤ کی حالت میں بھی نکلتا ہے۔ ایڈرینالین خون کی نالیوں کو پھیلا دیتا ہے خاص طور پر چہرے اور گردن کے حصے میں۔ نالیاں پھیلنے سے وہاں خون کا بہاؤ بڑھ جاتا ہے۔ نتیجے میں چہرہ سُرخ نظر آنے لگتا ہے۔ یعنی، شرم محسوس کرتے وقت چہرہ دراصل گرم اور خونی بہاؤ سے بھرپور ہو جاتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ چہرہ شرم سے سرخ ہونا صرف انسانوں میں دیکھا گیا ہے، کسی اور جانور میں نہیں۔ ماہرینِ نفسیات کے مطابق یہ انسانی جذبات کی پہچان اور سماجی شعور کی علامت ہے۔ جب آپ شرمندگی یا شرم سے سرخ ہوتے ہیں، تو دوسروں کو یہ اشارہ ملتا ہے کہ آپ اپنی غلطی یا احساس کو سمجھتے ہیں یعنی آپ ایماندار اور حساس ہیں۔