لاہور (نوید انجم مغل)لاہور میں معروف قوال شیر میاں داد کے گھر سے گھریلو ملازمہ کی جانب سے لاکھوں روپے مالیت کے زیورات کی چوری کا انکشاف ہوا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب شیر میاں داد اپنی فیملی کے ہمراہ کسی تقریب میں شرکت کے لیے گھر سے باہر گئے ہوئے تھے۔ گھر میں موجود ملازمہ نے تنہائی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے منصوبہ بندی کے ساتھ زیورات غائب کر دیے۔
ذرائع کے مطابق گھر لوٹنے کے بعد شیر میاں داد کی اہلیہ نے زیورات کا صندوق کھولا تو اندر سے 6 تولے سونا غائب پایا۔ گھر والوں نے پہلے گھر میں موجود تمام افراد سے دریافت کیا اور گھر کی تلاشی لی، لیکن جب کوئی سراغ نہ ملا تو معاملہ مشکوک جانتے ہوئے پولیس کو اطلاع دی گئی۔
چوہنگ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملازمہ کو حراست میں لیا۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملازمہ نے پہلے تو انکار کیا، تاہم سخت پوچھ گچھ کے بعد اس نے چوری کا اعتراف کر لیا۔ ملزمہ نے بتایا کہ اس نے زیورات کو کسی محفوظ مقام پر لے جانے کی بجائے گھر کے ہی صحن میں گہرائی میں مٹی کے اندر دبا دیا تھا تاکہ شک اس پر نہ جائے۔
پولیس نے ملزمہ کی نشاندہی پر تمام زیورات برآمد کر لیے۔ برآمد ہونے والے زیورات کی مالیت لاکھوں روپے بتائی جا رہی ہے۔ اہلِ خانہ نے پولیس کی بروقت کارروائی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
ایس پی صدر کا کہنا ہے کہ ملزمہ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔ پولیس یہ بھی تفتیش کر رہی ہے کہ آیا ملزمہ نے یہ واردات کسی کے کہنے پر کی یا اسے کسی نے اس کام کے لیے اکسایا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات گھریلو ملازمین کی جانچ پڑتال کے بغیر ملازمت پر رکھنے کے خطرناک نتائج کو ظاہر کرتے ہیں۔
معروف قوال شیر میاں داد نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گھر کے اندر کام کرنے والوں پر اکثر بھروسہ کیا جاتا ہے، مگر اس طرح کے واقعات اعتماد کو ٹھیس پہنچاتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ قانون کے مطابق کارروائی ہو گی تاکہ آئندہ کوئی ملازم اس قسم کے جرم کی ہمت نہ کرے۔
