شیخوپورہ(بیورو رپورٹ)M2 موٹروے پر کالا شاہ کاکو ایگزٹ کے قریب بس میں اچانک آتشزدگی کے باعث ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی۔ مردان سے لاہور آنے والی مسافر بس میں مبینہ طور پر شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اُٹھی۔ بس میں دھواں اُٹھتے ہی مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا، تاہم خوش قسمتی سے تمام مسافر بروقت باہر نکل آئے۔

ریسکیو 1122 شیخوپورہ کو کال موصول ہوتے ہی امدادی ٹیمیں فوری حرکت میں آئیں اور دو فائر وہیکلز اور ایک ایمبولینس موقع پر روانہ کی گئیں۔ ریسکیو فائر فائٹرز نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے آگ پر مکمل قابو پا لیا اور بس کو مکمل طور پر جلنے سے بچا لیا۔

ترجمان ریسکیو کے مطابق واقعے میں کوئی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ ریسکیو 1122 نے صورتحال کو محفوظ بناتے ہوئے موٹروے ٹریفک کی روانی بھی بحال کر دی۔

ریسکیو 1122 کی جانب سے شہریوں کو تاکید کی گئی ہے کہ گاڑیوں کی الیکٹرک وائرنگ کی باقاعدہ چیکنگ کروائی جائے تاکہ ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *