شیخوپورہ(ڈسٹرکٹ رپورٹر) مانانوالہ شہر کے مذہبی و روحانی ماحول میں ایک منفرد اضافہ کرتے ہوئے مرکزی جامع مسجد رشیدیہ میں آج بروز جمعرات نمازِ عشاء کے فوراً بعد شانِ سیدنا صدیقِ اکبر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے موضوع پر عظیم الشان کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
کانفرنس کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور مسجد انتظامیہ کے مطابق علاقے بھر میں اس پروقار محفل کے حوالے سے خصوصی دلچسپی دیکھی جا رہی ہے۔

محفل کی خصوصی شان یہ ہے کہ خطاب فرمائیں گے خطیبِ اہلِ سنت، شہزادہ اہلِ سنت، سنی نوجوانوں کے دلوں کی دھڑکن، صاحبزادہ حضرت علامہ مولانا عمر جواد قاسمی صاحب، جو تحصیل صدر سنی علماء کونسل شیخوپورہ بھی ہیں۔
منتظمین کا کہنا ہے کہ مولانا عمر جواد قاسمی صاحب اپنے منفرد اندازِ بیان، مضبوط دلائل اور علمی گہرائی کے باعث نوجوانوں خصوصاً طالب علموں میں بے حد مقبول ہیں۔ ان کے خطاب میں نہ صرف سیرتِ صدیق اکبرؓ کے روشن پہلوؤں کا تذکرہ ہوگا بلکہ ان کی شخصیت سے وابستہ اہم دروس، امت کے لیے رہنمائی اور عصر حاضر کے چیلنجز کا تقابلی جائزہ بھی پیش کیا جائے گا۔

محفل کے منتظمین نے بتایا کہ مسجد کو خوبصورت انداز میں سجایا گیا ہے اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد کی آمد متوقع ہے۔
علاقے کے مختلف مکاتبِ فکر کے علماء، دینی تنظیموں کے نمائندگان، طلبہ، نوجوان اور عام شہریوں کی بڑی تعداد کی شرکت کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے سیکورٹی، پارکنگ اور بیٹھنے کے مناسب انتظامات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ شرکاء کو کسی قسم کی کوئی پریشانی پیش نہ آئے۔

تمام اہلِ اسلام سے پرزور اپیل کی گئی ہے کہ اس روحانی اور علمی محفل میں بھرپور شرکت کریں، اور اپنی حاضری سے نہ صرف دینی محبت کا اظہار کریں بلکہ اہلِ سنت کے اس بابرکت پروگرام کی کامیابی میں اپنا کردار بھی ادا کریں۔
منتظمین نے کہا کہ اہالیانِ علاقہ اپنی موجودگی سے علماء کرام اور مبلغینِ دین کی حوصلہ افزائی کریں اور اس کانفرنس سے زیادہ سے زیادہ فیض حاصل کریں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *