لاہور (سجاد بھنڈر سے) ضلعی انتظامیہ لاہور کی جانب سے عوامی مسائل کے فوری اور بروقت حل کے لیے ڈی سی آفس میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جہاں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے اپنے مسائل پیش کیے۔ کھلی کچہری کی صدارت کلیکٹر و ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو حافظ کریم داد چغتائی نے کی، جنہوں نے موقع پر ہی متعدد درخواستوں پر احکامات جاری کرتے ہوئے شہریوں کو ریلیف فراہم کیا۔
تفصیلات کے مطابق کھلی کچہری میں مجموعی طور پر 36 شہریوں نے اپنے ریونیو سے متعلق کیسز پیش کیے، جن میں فرد کے اجراء، انتقال، زمینوں کے تنازعات، ریکارڈ کی درستگی اور دیگر معاملات شامل تھے۔ انتظامیہ کی جانب سے ہر درخواست گزار کو علیٰحدہ علیٰحدہ سنا گیا اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی۔
