لاہور(ویب ڈیسک) پنجاب کے سابق گورنر اورسرورفاؤنڈیشن کے چیئرمین چوہدری محمدسرورنے کہا ہے کہ ہم مادروطن کے مفلس اورمستحق طبقات کی محرومیوں کوپوری طرح ختم تونہیں کرسکتے لیکن اپنے تعمیری کردار سے ان میں خاطرخواہ کمی ضرورکرسکتے ہیں۔سرورفاؤنڈیشن کے طبی اورتعلیمی مراکزسے مستفید ہونیوالے مردوزن اورطلباء وطالبات کے چہروں کااطمینان ہماراسرمایہ افتخار ہے۔ ثروتمند شخصیات خدمت انسانیت کیلئے سرگرم سرورفاؤنڈیشن کے ساتھ مزید تعاون اوراس کے رضاکاروں کیلئے آسانیاں پیدا کریں۔ معاشرے کے نادارومفلس اورمستحق افراد کوجدیدتعلیمی اورطبی سہولیات کی فراہمی کیلئے نجی فلاحی اداروں کادم غنیمت ہے، جوادارہ ڈیلیور کرتا ہے ڈونرز اس پربھرپوراعتماد کرتے ہیں۔میں اپنی اوراپنے انتھک ٹیم ممبرزکی طرف سے سرورفاؤنڈیشن سے وابستہ افرادکاسپاس گزار ہوں۔
وہ اپنے اعزازمیں ایک پروقار استقبالیہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ چوہدری محمدسرور نے مزید کہا کہ سرورفاؤنڈیشن سے وابستہ نیک نیت،نیک نام اورپروفیشنل ڈاکٹرزجبکہ زیرک اورانتھک اساتذہ بیماروں کوجدید طبی سہولیات جبکہ طلباء وطالبات کومعیاری تعلیم کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں۔ہم نے پسماندہ مقامات پر جدید طبی اورتعلیمی اداروں کے قیام کافیصلہ کیا تھا لیکن آج ملک بھر سے ہم وطن سرورفاؤنڈیشن کی طبی خدمات اورسہولیات سے مستفید ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محاورہ ’’جان ہے توجہان ہے‘‘کی روشنی میں سرورفاؤنڈیشن صلہ رحمی کے تحت زندگیاں بچارہا ہے۔انسان صحتمند جسم کے بغیر بیماریوں کامقابلہ نہیں کرسکتا۔ ہم معاشرے کے مفلسین اورمستحقین کی خدمت کیلئے بھی کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔
