پتوکی: سی ای او ہیلتھ کی نگرانی میں THQ ہسپتال میں 24 گھنٹے آپریشن تھیٹر فعال، پہلی ایمرجنسی سی سیکشن کامیابی سے مکمل

پتوکی (نمائندہ خصوصی) چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ کی خصوصی نگرانی اور ہدایات کے تحت تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال پتوکی میں صحت کی سہولیات میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے آبز (OBS) مریضوں کے لیے نائٹ آپریشن تھیٹر ایمرجنسی سروسز کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق اللہ کے فضل و کرم سے صبح 6 بجے پہلی ایمرجنسی سی سیکشن کامیابی کے ساتھ انجام دی گئی، جس کے بعد اب ہسپتال کا آپریشن تھیٹر 24 گھنٹے فعال ہو چکا ہے۔ اس سہولت کے تحت الیکٹو اور ایمرجنسی سی سیکشن دونوں کی سہولیات ہمہ وقت دستیاب ہوں گی۔

مزید برآں، لیبر روم اور آپریشن تھیٹر سے منسلک مریضوں کے لیے 24 گھنٹے لیبارٹری اور بلڈ بینک سروسز بھی فراہم کی جا رہی ہیں، جس سے ہنگامی صورتحال میں بروقت طبی امداد ممکن ہو سکے گی۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر فاروق حیدر نے اس پیش رفت کو ٹیم ورک کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سی ای او ہیلتھ کی بھرپور سرپرستی اور رہنمائی سے اینستھیزیا کنسلٹنٹ اور میڈیکل آفیسر کی 24/7 دستیابی ممکن بنائی گئی، جو اس سروس کے آغاز میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس اقدام سے پتوکی اور گرد و نواح کے عوام کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات میسر آئیں گی، خصوصاً زچگی کے پیچیدہ کیسز میں قیمتی جانوں کو بچانے میں مدد ملے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *