قائد لاء کمپنی کے عہدیداران نے سابق کوآرڈینیٹر پاکستان بار کونسل محمد مدثر چوہدری ایڈووکیٹ کی سربراہی میں سوہنا پاکستان فورم کے اجلاس میں ایران اور امریکہ کے درمیان ہونے والے جنگ بندی معاہدے کا خیر مقدم کیا۔
اجلاس میں محمد مدثر چوہدری ایڈووکیٹ، علی شان ایڈووکیٹ، غلام مجتبیٰ چوہدری ایڈووکیٹ، عدنان، ڈاکٹر امجد حسین، زمان ڈوگر ایڈووکیٹ، ریحانہ امجد ایڈووکیٹ اور چیف ایڈیٹر روزنامہ سوہنا پاکستان مہر جنید رشید نے خصوصی اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ جنگ بندی نہ صرف دونوں ممالک کے عوام بلکہ پورے خطے کے امن و استحکام کے لیے ایک مثبت اور اہم پیش رفت ہے۔ مسلسل کشیدگی اور تصادم کے باعث قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا اور عالمی اقتصادی توازن بھی متاثر ہوا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس جنگ بندی کو ایک مستقل اور جامع امن معاہدے کی طرف لے جایا جائے، جس میں دونوں فریقین کے جائز تحفظات، قانونی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق دیرپا حل تلاش کیا جائے۔
شرکاء نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کو چاہیے کہ وہ سفارتی ذرائع کو ترجیح دیں اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے خطے میں پائیدار امن کے قیام کو یقینی بنائیں۔
فورم نے خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیر خارجہ کی قیادت میں پاکستان نے ہمیشہ امن، استحکام اور مذاکرات کے فروغ کے لیے مثبت کردار ادا کیا ہے۔
اجلاس کے اختتام پر اس امید کا اظہار کیا گیا کہ یہ پیش رفت خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور ایک محفوظ و مستحکم مستقبل کے قیام میں معاون ثابت ہوگی۔ عالمی برادری سے اپیل کی گئی کہ وہ امن، انصاف اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔
پاکستان زندہ باد
