لاہور:( رانا شہزاد چیف رپورٹر ) سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے غزہ میں اسرائیلی افواج کے تازہ وحشیانہ حملوں کے نتیجے میں مزید فلسطینیوں کی شہادت اور زخمی ہونے کے واقعات پر گہرے دکھ، افسوس اور شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی وزارتِ صحت کے مطابق حالیہ اسرائیلی حملوں میں مزید 07 فلسطینی شہید ہوئے ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 25 مزید زخمیوں کو ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ یہ اعداد و شمار اس حقیقت کی نشاندہی کرتے ہیں کہ نام نہاد جنگ بندی کے باوجود فلسطینی عوام مسلسل ظلم و ستم کا شکار ہیں۔
ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ اکتوبر 2025 میں اعلان کردہ جنگ بندی کے بعد بھی 929 فلسطینی شہید اور 2 ہزار 811 زخمی ہو چکے ہیں، یہ صورتحال واضح کرتی ہے کہ جنگ بندی کے عالمی اعلانات محض کاغذی ثابت ہوئے ہیں اور اسرائیل کھلے عام بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہا ہے۔
انہوں نے شدید دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اکتوبر 2023 سے جاری اس خونریز جنگ کے شہداء کی مجموعی تعداد 72 ہزار 938 تک پہنچ چکی ہے جبکہ 1 لاکھ 72 ہزار 919 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ گزشتہ تقریباً تین برسوں کے دوران غزہ کی رہائشی بستیاں، تعلیمی ادارے، ہسپتال، عبادت گاہیں اور بنیادی انفراسٹرکچر تباہ کر دیا گیا ہے۔ لاکھوں افراد بے گھر ہو چکے ہیں اور انسانی تاریخ کے بدترین انسانی بحرانوں میں سے ایک غزہ کے عوام پر مسلط ہے۔
ڈاکٹر حمیرا طارق نے اقوام متحدہ، سلامتی کونسل، عالمی طاقتوں، اسلامی تعاون تنظیم (OIC) اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کی مجرمانہ خاموشی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر عالمی ادارے اب بھی مؤثر کردار ادا نہ کر سکے تو بین الاقوامی انصاف اور انسانی حقوق کے تمام دعوے اپنی حیثیت کھو دیں گے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ:
غزہ میں فوری، مستقل اور مؤثر جنگ بندی کو یقینی بنایا جائے اور جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا بین الاقوامی سطح پر نوٹس لیا جائے۔ جبکہ ضرورت اس بات کی ہے شہری آبادی، خواتین اور بچوں کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
محصور فلسطینی عوام تک خوراک، ادویات اور دیگر انسانی امداد کی بلا رکاوٹ رسائی ممکن بنائی جائے۔ جنگی جرائم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی آزادانہ تحقیقات کر کے ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
ڈاکٹر حمیرا طارق نے پاکستانی عوام، عالمِ اسلام اور تمام انصاف پسند قوتوں سے اپیل کی کہ وہ فلسطینی عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کریں اور غزہ کے مظلوم شہریوں کے حق میں اپنی آواز بلند کریں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام کی جدوجہدِ آزادی اور حقِ خودارادیت کی حمایت انسانیت، انصاف اور بین الاقوامی قانون کا تقاضا ہے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *