صفدرآباد (نامہ نگار) صفدرآباد اور گردونواح میں مہینے کے آخر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ واپڈا اور لیسکو اہلکار اکثر بغیر پرمٹ کے بجلی بند کر دیتے ہیں، جس پر عوامی حلقوں کی جانب سے شدید احتجاج سامنے آیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر کسی بھی قسم کا پرمٹ موجود ہے تو اسے عوام الناس کے ساتھ شیئر کیا جانا چاہیے تاکہ عوام کو علم ہو کہ یہ بندش کسی باقاعدہ اجازت کے تحت ہو رہی ہے، ورنہ یہ بجلی بندش عوام پر ظلم کے مترادف ہے۔
اہلِ علاقہ نے کہا کہ “اندھیروں سے نکلا پاکستان” کے حکومتی نعرے صفدرآباد میں صرف دعووں تک محدود ہیں۔ کاروباری حضرات، طلبہ اور گھریلو صارفین سبھی شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ خاص طور پر مہینے کے آخر میں بجلی بند ہونے سے نہ صرف کاروبار ٹھپ ہو جاتے ہیں بلکہ طلبہ کا تعلیمی سلسلہ بھی بری طرح متاثر ہوتا ہے۔
عوام نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف، ایگزیکٹو انجینئر فاروق آباد، ایس ای شیخوپورہ سرکل اور لیسکو سب ڈویژن کے حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ غیر اعلانیہ اور بلا جواز بجلی بندش کا سلسلہ ختم کیا جا سکے۔ بصورت دیگر عوام احتجاجی تحریک شروع کرنے پر مجبور ہوں گے۔
