حکومت کی جانب سے ساہیوال ڈویژن میں ایک لاکھ20ہزارایکڑ پر کپاس کی اگیتی کاشت کا ہدف مقرر

کمشنر آفس میں کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید کی زیر صدارت میں ڈویژنل کاٹن کراپ مینجمنٹ 2025مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت ڈاکٹر طاہر جاوید کی گفتگو

اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل نیاز احمد، اے سی جنرل رائے فیصل عمران، سمیت زراعت، کراپ رپورٹنگ، اریگیشن، سیڈ کارپوریشن کے افسران اور کپاس کے کاشتکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی

ساہیوال(ارشدسردارچودھری)حکومت کی جانب سے ساہیوال ڈویژن میں ایک لاکھ20ہزار ایکڑ پر کپاس کی اگیتی کاشت کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس میں سے ضلع ساہیوال میں 76ہزار ایکڑ، ضلع اوکاڑہ میں 18ہزار ایکڑ اور ضلع پاک پتن میں 26ہزار ایکڑ پرکپاس کاشت کی جائے گی۔ ہدف کا حصول یقینی بنانے کے لئے محکمہ زراعت کی جانب سے ضلع ساہیوال میں 9اوکاڑہ میں 8اور پاکپتن میں 6مراکز قائم کئے گئے ہیں تاکہ کپاس کی بوائی کے حوالے سے کسانوں کی رہنمائی کی جا سکے۔ یہ بات کمشنر آفس میں کمشنر شعیب اقبال سید کی زیر صدارت ڈویژنل کاٹن کراپ مینجمنٹ 2025مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت ڈاکٹر طاہر جاوید نے بتائی۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل نیاز احمد، اے سی جنرل رائے فیصل عمران، سمیت زراعت، کراپ رپورٹنگ، اریگیشن، سیڈ کارپوریشن کے افسران اور کپاس کے کاشتکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید اور پاکپتن کے افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ کپاس ہماری طاقت ہے اور ہمیں آگے بڑھنے کے لئے کپاس کی کاشت پر فوکس کرناہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کپاس کی اگیتی کاشت کی پیداوار زیادہ ہوتی ہے اس لئے اگیتی کاشت کے لئے اچھے بیج اور زرعی ادویات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے محکمہ زراعت کے افسران پر زور دیا کہ ڈویژنل سطح پر ہیلپ لائن بنائی جائے تاکہ کسانوں سے مسلسل رابطہ سے انہیں درپیش مشکلات کو فوری حل کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے پانی کی کمی بیشی پر بھی توجہ دی جائے۔ اجلاس کے دوران کاشتکاروں کی جانب سے سرٹیفائیڈ بیج کی وافر مقدار میں فراہمی یقینی بنانے، بغیر ٹیگ کے بیج کی فروخت کو روکنے اور نہری پانی کے حوالے سے مطالبات پیش کئے گئے جن پر کمشنر شعیب اقبال سید نے تمام متعلقہ محکموں کو کسانوں کی شکایات فوری حل کرنے کے لئے ہدایات جاری کیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں