نئی دہلی (آن لائن) بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع جونپور میں 75 سالہ شخص 35 سالہ خاتون سے شادی کے اگلے روز ہی انتقال کرگیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سنگرو رام نامی شخص پیشے سے کسان تھا، ایک سال قبل سنگرورام کی پہلی اہلیہ انتقال کرگئی تھیں جس کے بعد اب تک سنگرو تنہا زندگی گزار رہا تھا۔ حال ہی میں سنگرو نے دوسری شادی کا فیصلہ کیا تاہم گاؤں والوں نے سنگرو کو اس عمر میں شادی سے روکنے کی کوشش کی لیکن اس کے باوجود سنگرو نے 35 سالہ منبھاوتی سے کورٹ میرج کرلی جس کے بعد مندر میں دونوں کیلئے ایک چھوٹی سی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق منبھاوتی کی بھی یہ دوسری شادی تھی، اس کے پہلے شوہر سے اس کی 2 بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے، سنگرو نے اسے یقین دلایا تھا کہ شادی کے بعد اس کے بچوں کی بھی دیکھ بھال وہ خود کرے گا۔

منبھاوتی کے مطابق’شادی کے اگلے روز صبح سویرے اچانک ہی سنگرو کی طبیعت خراب ہوگئی، اسے ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے انہیں مردہ قرار دے دیا‘۔ دوسری جانب سنگرو کی شادی کے اگلے روز ہی موت پر اہل خانہ نے شکوک وشبہات کا اظہار کرتے ہوئے پولیس میں مقدمہ درج کرادیا۔ سنگرو رام کے رشتے داروں کی جانب سے اس کی موت کو مشتبہ قرار دیتے ہوئے کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

پولیس نے سنگرو کی موت کے حوالے سے تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے لاش پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *