لاہور ( آن لائن ) سموگ کے خاتمے کیلئے محکمہ داخلہ پنجاب کا اہم اقدام؛ 60 ہزار سے زائد افراد نے بطور سول ڈیفنس رضاکار رجسٹریشن کروا لی ہے۔ سول ڈیفنس پنجاب کے رضاکار سموگ کے خلاف آگاہی مہم اور آپریشن میں مدد کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ میں پنجاب چیریٹیز کمیشن، سول ڈیفنس اور محکمہ ماحولیات کے اشتراک سے خصوصی اجلاس ہوا جس میں پنجاب بھر میں ماحول کے تحفظ کیلئے سرگرم تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں سموگ کے خلاف آگاہی پھیلانے اور فیلڈ آپریشنز میں مدد کےبارے میں مربوط و منظم لائحہ عمل طے کیا گیا۔

ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق سموگ و دیگر آفات یا ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے بڑی تعداد میں شہری سول ڈیفنس کیساتھ بطور رضاکار رجسٹریشن کروا رہے ہیں۔ مردوں کے شانہ بشانہ خواتین بھی اس قومی فریضے کو سرانجام دے رہی ہیں اور اب تک 37,532 مرد جبکہ 23,314 خواتین نے بطور سول ڈیفنس رضاکار رجسٹریشن کروا لی ہے۔ پنجاب کے اضلاع کی بات کی جائے تو رجسٹریشن میں گوجرانولہ پہلے، جہلم دوسرے اور فیصل آباد تیسرے نمبر پر آ گیا ہے۔

ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا کہ تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے اور مختلف تعلیمی قابلیت کے افراد رجسٹریشن کروا رہے ہیں۔ سول ڈیفنس رضاکار ہر قسم کے ہنگامی حالات میں متاثرین کی امداد کرتے ہیں۔ پاکستانیوں نے ہمیشہ مشکل کی گھڑی میں خود کو ایک باوقار اور متحد قوم ثابت کیا ہے۔ اب بھی جذبۂ ایثار اور خدمت سے لبریز نوجوان بڑی تعداد میں رجسٹریشن کروا رہے ہیں۔ بطور رضاکار خدمات سرانجام دینے والوں کو خصوصی تعریفی اسناد دی جائیں گی۔ یاد رہے کہ سول ڈیفنس میں بطور رضاکار رجسٹریشن کیلئے محکمہ داخلہ پنجاب کا آن لائن پورٹل اب بھی کھلا ہے۔ رجسٹریشن کروانے پر متعلقہ اضلاع میں سول ڈیفنس انتظامیہ شہریوں سے خود رابطہ کر رہی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *