اداکار فواد خان اور اداکارہ ماہرہ خان کی رومانوی فلم ’نیلوفر‘ کا ٹیزر جاری کردیا گیا، جس میں دونوں اداکاروں کے درمیان محبت، جذبات اور جدائی کے رنگ نمایاں نظر آئے۔ رومانوی فلم ’نیلوفر‘ رواں سال 28 نومبر کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی، گزشتہ روز فلم کا ٹیزر جاری کیا گیا جس میں دونوں اداکاروں کے درمیان محبت، جذبات اور جدائی کے رنگ نمایاں نظر آئے۔ جاری کیے گئے ٹیزر میں فواد خان اور ماہرہ خان کو ایک دوسرے سے محبت کا اظہار کرتے اور رقص کرتے ہوئے دکھایا گیا، تاہم ساتھ ہی ان کے رشتے میں تلخیاں بھی دکھائی گئیں، کئی مناظر میں دونوں کو غمزدہ اور ایک دوسرے کی یاد میں ڈوبا ہوا دکھایا گیا۔

ٹیزر سے اندازہ ہوتا ہے کہ کہانی میں جدائی کا عنصر بھی شامل ہے، کیونکہ ایک منظر میں ماہرہ خان کو ہوائی جہاز میں بیٹھے دکھایا گیا، جب کہ پس منظر میں ’جارہے تیرے شہر سے ہم‘ گانا سنائی دیتا ہے۔ ٹیزر کا اختتام فواد خان کے مکالمے ’نیلوفر نام ہے اس کا‘ سے ہوتا ہے۔ خیال رہے کہ فلم کافی عرصے سے تاخیر کا شکار ہے، اس کی شوٹنگ 2019 میں شروع ہوئی تھی، تاہم 2020 میں کورونا وبا کے باعث تاخیر کا شکار ہوئی اور دسمبر 2020 تک فلم کی شوٹنگ مکمل کرلی گئی تھی۔

’نیلوفر‘ کی کہانی امر رسول نے تحریر کی ہے اور وہی اس کے ہدایتکار بھی ہیں، فلم کو اوصاف شارق نے پروڈیوس کیا ہے، جب کہ فواد خان اور حسن خالد ایگزیکٹو پروڈیوسرز کے طور پر شامل ہیں۔

فلم کی کاسٹ میں فواد خان اور ماہرہ خان کے علاوہ عتیقہ اوڈھو، بہروز سبزواری، مدیحہ امام، ثروت گیلانی، گوہر رشید، فیصل قریشی، سامعہ ممتاز، راشد فاروقی، چاند برال، سیمی راحیل، عدیل ہاشمی، حرا ترین اور نوید شہزاد سمیت دیگر معروف اداکار شامل ہیں۔ اگرچہ فلم کی ٹیم نے کہانی سے متعلق کوئی تفصیلات ظاہر نہیں کیں، تاہم ماہرہ خان اور فواد خان متعدد انٹرویوز میں عندیہ دے چکے ہیں کہ ’نیلوفر‘ ایک خالص رومانوی فلم ہے اور ٹیزر سے بھی یہی تاثر ابھر کر سامنے آتا ہے.

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *