چشتیاں ( رانا کلیم احمد سے ) فوڈ سیفٹی آفیسر پنجاب فوڈ اتھارٹی بہاولنگر نے پرانی چشتیاں میں پل نہر فورڈ واہ کے قریب حنیف چکن شاپ پر اچانک چھاپہ کے دوران 145کلو مرغی کا خراب اور مضر صحت گوشت برآمد کرکے شاپ کے مالک کو گرفتار کرلیا اور شاپ کو سیل کردیا۔ چشتیاں سٹی بی ڈویژن پولیس کے مطابق محمد حنیف زاہد مالک چکن شاپ مرغی کا مضر صحت گوشت فروخت کر رہاتھا کہ اطلاع ملنے پر فوڈ سیفٹی آفیسر بہاولنگر محمد نعمان ضیا چوہدری نے اسسٹنٹ کمشنر اور وٹرنری آفیسر ڈاکٹر محمد عمر کے ہمراہ اچانک چھاپہ مارا جس کے دوران 145کلو مضر صحت گوشت برآمد کرلیا۔اس موقع پر وٹرنری ڈاکٹر محمد عمر نے گوشت کا تفصیلی معائنہ کیا اور بتایا کہ گوشت خراب،مضر صحت ہے اور انسانی استعمال کے قابل نہیں ہے چنانچہ خراب گوشت کو فوڈ سیفٹی آفیسر مذکور نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مروجہ قانون کے مطابق اپنے قبضہ میں لیکر ستھرا پنجاب چشتیاں کے عملہ کے ذریعے تلف کردیا اور حنیف چکن شاپ کو سیل کرکے مزید کاروبار کرنے سے روک دیا۔پولیس نے فوڈ سیفٹی آفیسر محمد نعمان ضیا کی درخواست پر محمد حنیف زاہد کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *