لاہور: (مہر سلطان محمود) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جدید طبی سہولیات کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کا ورچوئل دورہ کیا اور منصوبے پر جاری پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ورچوئل بریفنگ کے دوران وزیراعلیٰ کو ہسپتال کے مختلف شعبوں کا ڈیجیٹل ٹور کرایا گیا، جس میں مرکزی داخلی ہال، ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ، میموگرافی سوئٹ اور سی ٹی اسکین روم شامل تھے۔ اس کے علاوہ انہوں نے ریڈی ایشن تھراپی یونٹ، ٹریٹمنٹ پلاننگ روم، سیمولیٹر اور سیمینار روم کا بھی معائنہ کیا۔
وزیراعلیٰ نے مریضوں کے لیے فراہم کی جانے والی جدید سہولیات، بشمول اسٹیٹ آف دی آرٹ ویٹنگ ایریا اور اے ایچ یو (ایئر ہینڈلنگ یونٹ) روم کا بھی جائزہ لیا، اور منصوبے کے معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔
مریم نواز نے ہسپتال کی تعمیر جلد مکمل کرنے کے لیے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو تین شفٹوں میں کام تیز کرنے کا حکم دیا، تاکہ منصوبہ مقررہ وقت سے پہلے مکمل کیا جا سکے۔
عملے کی بھرتیوں کے حوالے سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ ادارے کے لیے 219 اسامیوں کا اشتہار جاری کیا جا چکا ہے، جن میں سے 32 امیدواروں کا انتخاب بھی مکمل ہو گیا ہے۔ مزید برآں، مجموعی طور پر 415 اسامیوں کی منظوری دے دی گئی ہے، جن کے لیے اگلے ہفتے اشتہار جاری کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ہسپتال کے ڈین، ڈائریکٹر اور دیگر اہم عہدوں پر نہایت تجربہ کار اور اعلیٰ صلاحیتوں کے حامل پروفیشنلز تعینات کیے جائیں، تاکہ مریضوں کو عالمی معیار کی طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ یہ ادارہ نہ صرف پنجاب بلکہ پورے پاکستان میں کینسر کے علاج کے حوالے سے ایک جدید اور نمایاں مرکز بنے گا۔
