لاہور: (رانا شہزاد، چیف رپورٹر) نشتر کالونی مین بازار میں دکانداروں کے مسائل کے حل اور کاروباری سرگرمیوں کی بہتری کے لیے اہم اقدامات سامنے آئے ہیں، جنہیں تاجر برادری نے خوش آئند قرار دیا ہے۔

بازار کے جنرل سیکرٹری اویس بٹ نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، وفاقی وزیر رانا مبشر اقبال اور مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب برائے سیاسی امور ذیشان ملک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دکانداروں کے دیرینہ مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے نشتر کالونی مین بازار سے ریڑھی بانوں کو متبادل مقام پر منتقل کیا گیا ہے اور سہولت بازار کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف ٹریفک اور بازار میں رش کے مسائل میں کمی آئی ہے بلکہ عوام کو اشیائے خوردونوش مناسب قیمتوں پر دستیاب ہو رہی ہیں، جبکہ دکانداروں کو بھی بہتر اور منظم ماحول میں کاروبار کرنے کا موقع ملا ہے۔

اویس بٹ کے مطابق بازار میں مزید ترقیاتی کاموں کا آغاز جلد متوقع ہے، جن میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب، سٹریٹ لائٹس کی بحالی، سکیورٹی کے نظام کو مضبوط بنانا اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کو بہتر بنانا شامل ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ تاجر برادری کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا وزیر اعلیٰ مریم نواز کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اور حکومت تاجروں کو ساتھ لے کر چلنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔

آخر میں انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ جلد ہی بازار کی عوام کو ایک بڑی خوشخبری دی جائے گی، جس سے کاروباری سرگرمیوں میں مزید بہتری آئے گی اور علاقہ ترقی کی نئی راہ پر گامزن ہوگا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *