لاہور (رانا شہزاد چیف رپورٹر ) کے مطابق انسانیت کی خدمت کے جذبے سے سرشار سلامت ویلفیئر فاؤنڈیشن ایک بار پھر امید کی کرن بن کر سامنے آئی، جب فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام سلائی کا کورس مکمل کرنے والی ایک مستحق لڑکی کی شادی کامیابی سے پایۂ تکمیل تک پہنچائی گئی۔
تفصیلات کے مطابق، مذکورہ لڑکی نے فاؤنڈیشن کے ہنر سکھانے والے پروگرام کے تحت سلائی کا کورس مکمل کیا، جس کے بعد وہ نہ صرف اپنے پاؤں پر کھڑی ہونے کے قابل ہوئی بلکہ اس کی باعزت رخصتی میں بھی فاؤنڈیشن نے بھرپور تعاون فراہم کیا۔
سلامت ویلفیئر فاؤنڈیشن کی جانب سے جہیز، ضروری گھریلو سامان اور دیگر اخراجات میں معاونت کی گئی، جس سے ایک ضرورت مند خاندان کا بڑا بوجھ کم ہوا۔ تقریب میں مقامی معززین اور فاؤنڈیشن کے اراکین نے شرکت کی اور اس فلاحی اقدام کو سراہا۔
فاؤنڈیشن کے چیئرمین ڈاکٹر مرتضی سلامت کا کہنا تھا کہ ان کا مقصد صرف امداد فراہم کرنا نہیں بلکہ لوگوں کو خودمختار بنانا ہے تاکہ وہ عزت کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے اقدامات آئندہ بھی جاری رہیں گے۔
اہلِ علاقہ نے سلامت ویلفیئر فاؤنڈیشن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ حقیقی معنوں میں معاشرے کی خدمت کر رہا ہے اور مستحق افراد کے لیے سہارا بن رہا ہے۔
