واشنگٹن ( آن لائن) وائٹ ہاؤس نے واضح کیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے جواب کے لیے کوئی حتمی ڈیڈ لائن مقرر نہیں کی، اور وہ موجودہ معاشی دباؤ کی پالیسی سے مطمئن ہیں۔ بدھ کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیوٹنے کہا کہ صدر ٹرمپ کی جانب سے ایران پر ڈالا گیا اقتصادی دباؤ اس حد تک مؤثر ہے کہ ایران اپنے ہی سرکاری اخراجات پورے کرنے میں مشکلات کا شکار ہے، اسی لیے صدر اس حکمت عملی سے مطمئن ہیں اور تہران کے ردعمل کا انتظار کر رہے ہیں۔
کیرولین لیوٹ نے ان خبروں کو بھی مسترد کیا جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ امریکہ نے ایران کو مذاکرات کے لیے کوئی محدود وقت دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر نے ایران کی جانب سے کسی تجویز کے لیے کوئی سخت یا واضح وقت مقرر نہیں کیا، اور اس حوالے سے سامنے آنے والی بعض رپورٹس درست نہیں ہیں۔ ان کے مطابق حتمی ٹائم لائن کا تعین خود صدر کریں گے۔
