وزیرآباد: (ساجد حسین بٹ) وزیرآباد میں ممکنہ مون سون بارشوں اور شہری علاقوں کو سیلابی صورتحال سے محفوظ رکھنے کے لیے صحافیوں اور انتظامیہ کا مشترکہ اجلاس تجاویز و آراء کا تبادلہ ۔اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد جواد حسین پیرزادہ اور ایم ڈی واسا علی حسنین مغل نے بابائے صحافت پریس کلب وزیرآباد کے صدر اور اراکین کے ساتھ ایک تفصیلی اجلاس منعقد کیا، جس میں شہر کے نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے اور بارشوں کے دوران پیش آنے والی مشکلات سے نمٹنے کے لیے جامع حکمت عملی پر غور کیا گیا۔اجلاس میں تحصیلدار وزیرآباد ندیم مسعود برتھ، صدر پریس کلب افتخار احمد بٹ، جنرل سیکرٹری سید ضمیر کاظمی سمیت صحافی برادری کے دیگر نمایاں اراکین میاں شہباز احمد، صوفی اشرف نثار، نعیم اشرف، کاشف محمود خان، بابو حامد منظور، وقاص خالد ہاشمی، ایوب چوہان، رانا شبیر حسین، فیصل رضا اور ملک صفدر نے شرکت کی۔اسسٹنٹ کمشنر جواد حسین پیرزادہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے پیش نظر بارشوں کی شدت اور دورانیہ میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کے باعث شہری علاقوں میں نکاسی آب کے مسائل مزید پیچیدہ ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ مون سون سیزن سے قبل ہی نکاسی آب کے نظام کو بہتر سے بہترین بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ شہریوں کو ممکنہ مشکلات سے بچایا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ صحافی برادری شہر کے ان اہم مقامات سے بخوبی آگاہ ہے جہاں بارش کے دوران پانی جمع ہونے کے مسائل زیادہ سنگین ہوتے ہیں، اس لیے ان کی آراء اور تجاویز انتظامیہ کے لیے نہایت اہمیت کی حامل ہیں۔ اس اشتراک عمل کے ذریعے ایسے پوائنٹس کی نشاندہی کی جا رہی ہے جہاں فوری توجہ اور بہتری کی ضرورت ہے۔ایم ڈی واسا علی حسنین مغل نے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ واسا کی ٹیمیں شہر بھر میں نالوں اور ڈرینج سسٹم کی صفائی اور مرمت کے کام میں مصروف ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ مون سون سے قبل تمام ضروری اقدامات مکمل کر لیے جائیں گے تاکہ بارش کے پانی کی بروقت نکاسی کو یقینی بنایا جا سکےاجلاس کے دوران صحافیوں نے مختلف علاقوں میں درپیش مسائل، نکاسی آب کی رکاوٹوں اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے تفصیلی تجاویز پیش کیں، جنہیں انتظامیہ نے سنجیدگی سے سنا اور ان پر فوری عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی اسسٹنٹ کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ، واسا اور صحافی برادری کے باہمی تعاون سے وزیرآباد کو صاف، محفوظ اور خوبصورت شہر بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے، تاکہ مون سون کے دوران شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *