شیر گڑھ (نامہ نگار) ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز، پراٸسز، ویٹس اینڈ میئرز کی خصوصی ہدایت پر عوامی شکایات کو مدنظر رکھتے ہوئے ناپ تول میں کمی کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اسی سلسلے میں فرض شناس آفیسر اسسٹنٹ انسپکٹر IPWM سید نصرت عباس نے اپنی ٹیم کے ہمراہ شہر کے مختلف پٹرول پمپس کا اچانک دورہ کیا اور پیمانہ جات چیک کیے۔چونگی نمبر سات پر واقع اعظم پٹرولیم سروس کے پیمانہ جات بھی چیک کیے گئے، جہاں پیمانہ کم پایا گیا۔ جب موقع پر ہی کم پیمانہ والی نوزلز کو سیل کرنے کی کارروائی شروع کی گئی تو پمپ ٹھیکیدار علی رضا نے نہ صرف مزاحمت کی بلکہ عملہ کو سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔ اس پر اسسٹنٹ انسپکٹر نے فوراً ڈسٹرکٹ آفیسر خالد جاوید بھٹی کو اطلاع دی اور ان کی ہدایت پر تھانہ بی ڈویژن میں مقدمہ درج کرا دیا گیا تاکہ مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز، پراٸسز، ویٹس اینڈ میئرز خالد جاوید بھٹی نے صدر شیر گڑھ سٹی پریس کلب رجسٹرڈ عمران زاہد کھوکھر سمیت دیگر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ناپ تول میں کمی عوام کے ساتھ سراسر ظلم اور زیادتی ہے۔ اس کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر عوام کا استحصال کرتے ہیں اور ان کے خلاف آہنی ہاتھوں سے کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع بھر میں باقاعدگی سے چیکنگ جاری ہے۔ پٹرول پمپس، دکانیں، مارکیٹیں اور گودام سب اس کارروائی کے دائرہ کار میں شامل ہیں۔ ناپ تول میں کمی کرنے والے تاجروں، دکانداروں یا پٹرول پمپ مالکان کو کسی بھی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ خالد جاوید بھٹی نے کہا کہ عوام الناس اپنی شکایات براہِ راست ڈسٹرکٹ آفیسر کے دفتر میں یا ضلعی کنٹرول روم پر درج کروا سکتے ہیں۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ناپ تول میں کمی کرنے والوں کے خلاف محکمہ انڈسٹریز کے ساتھ تعاون کریں تاکہ ایسے گھناؤنے فعل کو جڑ سے ختم کیا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *