نئی دہلی(آن لائن) بھارت کے شہر حیدرآباد میں سڑک کا نام ڈونلڈ ٹرمپ ایونیو رکھ دیا گیا۔
امریکی صدر نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ بھارت میں کیا گیا یہ اقدام کسی بھی امریکی صدر کو اس نوعیت کا پہلا اعزاز ہے جس پر وہ شکر گزار ہیں۔ جنوبی ریاست تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کی حکومت ہے۔ حیدرآباد میں جس سڑک کو صدر ٹرمپ کے نام سے موسوم کیا گیا ہے، اس کے قریب امریکی قونصل خانہ ہے اور مائیکرو سوفٹ، گوگل اور ایمازون سمیت امریکی کمپنیوں کے دفاتر بھی ہیں۔
کانگریس کی جانب سے یہ اقدام اس حقیقت کے باوجود ہے کہ بل کلنٹن اور جارج بش نے اپنے دور حکومت میں حیدرآباد کا دورہ کیا تھا تاہم ڈونلڈ ٹرمپ تاحال حیدرآباد نہیں آئے۔کانگریس کے اس اقدام پر وزیراعظم نریندر مودی کی حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے شدید تنقید کی ہے اورا سے کانگریس کی منافقت قراردیا ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ کے دوسرے دور میں امریکا پاکستان تعلقات بہتر اور امریکا بھارت تعلقات خراب ہوئے ہیں کیونکہ صدر ٹرمپ نے بھارت پر اضافی ٹیرف عائد کیا ہے۔
