لاہور (محمداظہرمشتاق) جامع مسجد الزبیدہ میں نواسۂ رسول ﷺ سیدنا امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی یاد میں ایک عظیم الشان محفل پاک منعقد ہوئی، جس میں معززین علاقہ مذہبی و سماجی شخصیات اور عاشقانِ اہلِ بیت کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
محفل کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے کیا گیا، جبکہ مقررین نے واقعۂ کربلا کی عظمت، فلسفۂ شہادتِ امام حسینؓ اور اس کے پیغام پر تفصیلی روشنی ڈالی۔محفل پاک سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے حضرت علامہ قاری نوازاحمد چشتی نے کہا کہ واقعۂ کربلا حق، صبر، قربانی، استقامت اور باطل کے خلاف ڈٹ جانے کا عظیم درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیدنا امام حسینؓ نے اپنے اہلِ خانہ اور رفقا سمیت دینِ اسلام کی سربلندی کے لیے جو لازوال قربانی پیش کی، وہ رہتی دنیا تک امتِ مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ بنی رہے گی۔
شہدائے کربلا کی عظیم قربانیاں ہمیں دینِ اسلام کی خاطر ہر قسم کی قربانی دینے، حق و سچ کا ساتھ دینے اور ظلم و جبر کے خلاف آواز بلند کرنے کا درس دیتی ہیں۔ مزیدانہوں نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ سیرتِ امام حسینؓ کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنائیں۔
آج کے دور میں ہمیں واقعۂ کربلا کے پیغامِ صبر، برداشت، اتحاد اور محبت کو عام کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ معاشرے میں امن، بھائی چارے اور اسلامی اقدار کو فروغ دیا جا سکے۔
