اسلام آباد(احسان احمد) وزیراعظم یوتھ پروگرام اور پاکستان آئی ٹی انڈسٹری ایسوسی ایشن (پاشا) نے مفاہمت کی ایک یادداشت پر وزیراعظم آفس میں دستخط کیے ہیں۔
چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں کاکہنا ہے کہ اس شراکت داری کے مطابق پاکستان کے نوجوانوں کو ہنر کے نئے مواقع فراہم کیے جائیں گے ذور ٹیکنالوجی کے شعبے کی ضروریات کے مطابق نصاب تیار کیا جائے گا۔انہوں نے اسے پاکستان کے نوجوانوں اور کاروباری افراد کو بااختیار بنانے کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا ۔
رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے سرٹیفیکیشن پروگرامز متعارف کرائے جائیں گے، نوجوان کاروباری افراد کے لیے مینٹورشپ نیٹ ورک قائم کیا جائے گا۔ انکیوبیشن پروگرامز شروع کیے جائیں گے تاکہ نئے کاروباری اداروں کو فروغ دیا جا سکے،خواتین کے زیر قیادت کاروباری اداروں کو خصوصی اہمیت دی جائے گی،دونوں تنظیمیں نوجوانوں کی کامیابی کے لیے مشترکہ پالیسی کی وکالت کرتے ہوئے مل کر روزگار کے مواقع کو بڑھائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام اور پاشاکے تعاون سے پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کو مستحکم کیا جائے گا، ٹیکنالوجی کے شعبے میں کاروباری مواقع کو فروغ دیا جائے گا۔
