لاہور ( آن لائن )وزیر خزانہ پنجاب میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کے کمیٹی روم میں ایک اہم اجلاس ہوا جس میں پرائیویٹ موٹر کاروں، جیپوں اور موٹر سائیکلوں کے لیے وہیکل انسپیکشن اینڈ سرٹیفکیشن سسٹم (VICS) کے نفاذ سے متعلق قانونی ترامیم پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں صوبائی وزیر برائے ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب، ایڈیشنل سیکرٹری فنانس اور ایڈیشنل سیکرٹری ایکسائز اینڈ نارکوٹکس کنٹرول سمیت اعلیٰ متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران محکمہ ٹرانسپورٹ کے حکام نے صوبائی وزراء کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فی الوقت صوبے میں وہیکل انسپیکشن اینڈ سرٹیفکیشن سسٹم صرف پبلک سروس وہیکلز اور گڈز وہیکلز کے لیے فعال ہے جو کل رجسٹرڈ گاڑیوں کا تقریباً 7 فیصد ہیں جبکہ پرائیویٹ وہیکلز جن کی تعداد پبلک ٹرانسپورٹ سے زیادہ ہے وکس سسٹم سے باہر ہیں جبکہ سموگ پر کنٹرول اور شہریوں کو صاف ستھرے ماحول کی فراہمی کے لیے ضروری ہے کہ پرائیویٹ سیکٹر کی دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی فٹنس کو بھی یقینی بنایا جائے۔ اس مقصد کے لیے پراونشیل موٹر وہیکلز رولز 1969 میں موٹر وہیکلز کی انسپیکشن اور سرٹیفیکیشن سے متعلقہ رولز میں ترامیم تجویز کی جا رہی ہیں ۔ مذکورہ ترامیم میں سڑکوں پر چلنے والی گاڑیوں کی فٹنس کو یقینی بنانے کے لیے ان کی، فٹنس سرٹیفکیٹ کو رجسٹریشن ، ٹرانسفر اور خرید و فروخت کے ساتھ منسلک کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔
وزیر خزانہ پنجاب نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ، حادثات کی روک تھام اور ماحولیاتی آلودگی میں کمی کے لیے ضروری ہے کہ پرائیویٹ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو بھی انسپیکشن و فٹنس سرٹیفکیٹ سسٹم کے تحت لایا جائے۔ یہ اقدام بین الاقوامی معیار کے مطابق محفوظ اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ سسٹم کے قیام کی طرف ایک اہم قدم ہوگا جو وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ماحول دوست ٹرانسپورٹ اور کلین ائیر کے مشن کو آگے بڑھائے گا تاہم فٹنس سرٹیفکیٹ کوگاڑیوں کی رجسٹریشن ، ٹرانسفر ، خریدو فروخت یا سرکاری ٹرانزیکشن سے منسلک کرنے کے لیے صوبائی آمدن پر اثرات کا جائزہ ضروری ہے ۔
وزیر خزانہ نے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کو ہدایت کی کہ وہ آ ئند ہ اجلاس میں صوبے میں رجسٹرڈ گاڑیوں کا مکمل ڈیٹا لے کر آئیں تاکہ گاڑیوں کے اعداد و شمار کا جائزہ لینے کے بعد مجوزہ ترامیم کو صوبائی کابینہ میں پیش کر کے ان کی حتمی منظوری لی جا سکے ۔ صوبائی وزیر برائے ٹرانسپورٹ نے اجلاس کو بتایا کہ پبلک اور پرائیوٹ گاڑیوں کے لیے فٹنس سرٹیفکیٹ کے حصول کو لازمی قرار دینے کا مقصد کسی کے روزگار یا کاروبار کو متاثر کرنا نہیں سڑکوں پر آنے والی گاڑیوں کے لیے فٹنس سرٹیفکیٹ کی شرط ماحولیاتی آلودگی اور سموگ پر کنٹرول کے لیے رکھی گئی ہے ۔
