چشتیاں (راناکلیم احمد) سول ڈیفنس بہاولنگر حکام نے ضلع کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی آئل ایجنسیوں اور منی پٹرول پمپوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران چھ پٹرول ایجنسیوں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے انہیں سیل کردیا اور ایجنسی مالکان کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کرا دئے ہیں۔سول ڈیفنس آفیسر خواجہ عاشق حسین نے میڈیا کو بتایا کہ ا یڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب قاضی احمد جاوید، ڈائریکٹر سول ڈیفنس پنجاب راؤ تسنیم علی خان اورڈپٹی کمشنر و کنٹرولر سول ڈیفنس بہاول نگر ذوالفقار احمد کی ہدایت پر عوام کی جان و مال کے تحفظ، ممکنہ حادثات کی روک تھام اور قانون کے نفاذ کو یقینی بنانے کے سلسلہ میں مختلف مقامات پر غیر قانونی طور پر پٹرول اور ڈیزل فروخت کرنے والی ایجنسیوں کو سیل کیا گیا اور ذمہ دار افراد کے خلاف دفعہ 285/286 تعزیراتِ پاکستان کے تحت مقدمات درج کرائے گئے۔انہوں نے بتایا کہ چک بکھرانہ میں عابد آئل ایجنسی کے مالک عابد حسین ولد محمد ریاض،جوئیہ آئل ایجنسی ڈونگہ بونگہ کے مالک محمد اصغر ولد محمد عارف، امتیاز آئل ایجنسی موضع ڈنگراں والی، بستی چک بکھرانہ کے مالک امتیاز احمد،ملک پٹرول ایجنسی ہارون آباد کے مالک بابر حسین ولد محمد عبداللہ،مدثر پٹرول ایجنسی ہارون آبادکے مالک مدثر فاروق ولد عبدالمجید،جنید پٹرول ایجنسی چک 20/3Rہارون آبادکے مالک محمد جنید کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کرانے کے علاوہ متذکرہ پٹرول ایجنسیوں کو سیل کردیا گیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ غیر قانونی پٹرول اور ڈیزل کے کاروبار میں ملوث عناصر عوام کی جان و مال سے کھیل رہے ہیں، ایسے افراد کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *