وزیرآباد (ساجد حسین بٹ) دی پنجاب میونسپل یونائیٹڈ ٹیچرز اینڈ ایمپلائز یونین کے مرکزی صدر چوہدری اشفاق نسیم نے سنٹرل پنجاب کے دورے کے دوران ڈویژن گجرات اور گوجرانوالہ میں اساتذہ نمائندگان سے ملاقاتیں کیں اور اساتذہ کے مسائل، خصوصاً میونسپل اساتذہ کی پنشن میں تاخیر کے مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ چوہدری اشفاق نسیم نے کہا کہ اساتذہ کی فلاح و بہبود اور ان کے جائز حقوق کی فراہمی دی پنجاب میونسپل یونائیٹڈ ٹیچرز اینڈ ایمپلائز یونین کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، محکمہ بلدیات کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ پنشن کے اجرا میں تاخیر کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔مرکزی نائب صدر چوہدری محمد اشرف کی جانب سے وزیرآباد کے شنواری ہوٹل میں چوہدری اشفاق نسیم کے اعزاز میں پرتکلف دعوت کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر مختلف اضلاع کے یونین عہدیداران، اساتذہ نمائندگان اور معزز مہمانوں نے شرکت کی۔صدر پنجاب ٹیچر یونین وزیرآباد چوہدری محمد اصغر چیمہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔انہوں نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا کہ ایسے تمام جلسے جلوس، جن میں سڑکیں بند کر کے عوام کے لیے مشکلات پیدا کی جاتی ہیں ان سے اجتناب کیا جائے کیونکہ یہ نہ صرف شہریوں کی روزمرہ زندگی میں خلل ڈالتے ہیں بلکہ صوبے کی معاشی ترقی میں بھی رکاوٹ بنتے ہیں۔اس موقع پر مرکزی نائب صدر چوہدری محمد اشرف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں اسکولز کی آؤٹ سورسنگ کے عمل کو فی الفور روکا جائے، ورنہ ملک میں بے روزگاری کے ساتھ ساتھ آنے والی نسلیں جہالت کے گھٹا ٹوپ اندھیروں میں گم ہو جائیں گی، خدا را، خدارا اس عمل کو ختم کیا جائے، تعلیم کو کاروبار نہیں بلکہ قومی خدمت سمجھا جائے کیونکہ اسکولوں کی نجکاری اساتذہ کے روزگار کے خاتمے اور تعلیمی معیار کی تنزلی کا باعث بنے گی۔اس موقع پر طاہر فاروق بٹ ودیگر بھی موجود تھے۔شرکاء نے اساتذہ کے مسائل اجاگر کرنے اور پنشن کے معاملات میں شفافیت کے لیے دی پنجاب میونسپل یونائیٹڈ ٹیچرز اینڈ ایمپلائز یونین کی کوششوں کو سراہا اور ہر سطح پر تعاون کی یقین دہانی کرائی۔یونین رہنماؤں نے کہا کہ اساتذہ کے حقوق کے تحفظ اور پنشن کے فوری اجرا کے لیے جدوجہد آئندہ بھی بھرپور انداز میں جاری رہے گی اور تمام اساتذہ کو ہر پیش رفت سے آگاہ رکھا جائے گا
