واہ کینٹ (نمائندہ خصوصی) جی ٹی روڈ بیرئیر نمبر 2 پر واقع قبرستان کے قریب پھولوں کے سٹال لگانے کے معاملے نے ایک نیا رخ اختیار کر لیا۔ اس حوالے سے کنٹونمنٹ بورڈ واہ وارڈ نمبر 2 کے کونسلر راجہ عبدالقیوم نے اپنا واضح مؤقف دیتے ہوئے کہا کہ یہ قدم کسی ذاتی مفاد یا دشمنی کا نتیجہ نہیں بلکہ عوامی سہولت اور قبرستان کے احترام کے لیے اٹھایا گیا ہے۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا ہے کہ
کشمیر کے رکن اسمبلی راجہ صدیق کے فنڈز سے دس لاکھ روپے کی لاگت سے قبرستان کی بیرونی دیوار اونچی کروائی گئی اور ٹف ٹائلز لگوائی گئیں، تاکہ آنے والے لواحقین اپنی گاڑیاں محفوظ اور آسانی سے پارک کر سکیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ روڈ پر ٹھیئے لگانے سے راستہ بند ہو جاتا ہے، جس سے لواحقین کو اذیت اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ راجہ عبدالقیوم کا کہنا تھا کہ “میرا کوئی ذاتی مفاد نہیں، نہ ہی میرا کوئی بندہ وہاں ٹھیہ لگاتا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ قبرستان کے قریب کوڑے کے ٹب کا ہونا انتہائی نامناسب ہے، اسے فوری طور پر ہٹایا جائے، تاکہ قبرستان کا ماحول صاف ستھرا اور پُر سکون رہے۔ آخر میں راجہ عبدالقیوم نے اپیل کی کہ تمام شہری اور متعلقہ ادارے عوامی مفاد کو ترجیح دیتے ہوئے اس معاملے میں تعاون کریں، کیونکہ قبرستان صرف زمین کا ایک ٹکڑا نہیں بلکہ ہمارے پیاروں کی آخری آرام گاہ ہے، جس کا احترام سب پر فرض ہے۔
