لاہور (ویب ڈیسک) چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے انڈر 19 ایشیاء کپ جیتنے پر ہر کھلاڑی کیلئے 50 لاکھ روپے کا اعلان کردیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی نے بھارت کے خلاف فاتح ٹیم کے ہر کھلاڑی کے لیے 50 ، 50 لاکھ روپے کا اعلان کیا ہے، فائنل میں کامیابی کے بعد محسن نقوی نے کھلاڑیوں سے ملاقات میں ان کا حوصلہ بڑھایا اور ان کے کھیل کی تعریف کی اور کھلاڑیوں کا ہر طرح سے خیال رکھنے کی یقین دہانی بھی کرائی کہ کھلاڑیوں کی میڈیکل سمیت ہر ضرورت کو پورا کیا جائے گا۔

محسن نقوی کا کہنا ہے کہ پاکستان انڈر 19 ٹیم کے کھلاڑیوں نے فائنل میں بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور روایتی حریف بھارت کو شرمناک شکست دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا، بھارت کے خلاف جیت میں سمیر منہاس کی اننگز قابل تعریف رہی، یہ کامیابی پی سی بی کی رائزنگ سٹارز پر کی جانے والی سرمایہ کاری کا منہ بولتا ثبوت ہے جو مستقبل میں پاکستان کرکٹ کے لیے خوش آئند ثابت ہو گی، کوچنگ سٹاف کی رہنمائی نے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *