وزیرآباد (ساجد حسین بٹ) وزیرآباد میں الیکٹرک بس سروس کا افتتاح کر دیا گیا، جسے عوامی سطح پر خوش آئند اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔ نیکسٹ کنسلٹینسی کے سربراہ ڈاکٹر نعیم خاور نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے وزیرآباد کے عوام کو جدید اور ماحول دوست سفری سہولت کا تحفہ دیا۔ڈاکٹر نعیم خاور نے کہا کہ الیکٹرک بسوں کا اجرا نہ صرف جدید ٹرانسپورٹ کے نظام کی طرف ایک اہم قدم ہے بلکہ وزیرآباد جی ٹی روڈ اور ملحقہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ و طالبات اور ملازمت پیشہ افراد کے لیے یہ سہولت کسی نعمت سے کم نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ روزانہ سینکڑوں طلبہ اور ملازمین تعلیمی اداروں اور دفاتر تک پہنچنے کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ پر انحصار کرتے ہیں، اور الیکٹرک بس سروس کے آغاز سے انہیں آرام دہ، سستی اور وقت کی پابند سواری میسر آئے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ الیکٹرک بسوں کا استعمال فضائی آلودگی میں کمی اور ایندھن کے اخراجات میں بچت کا سبب بنے گا۔ اس جدید سفری سہولت سے وزیرآباد کے شہریوں کو نہ صرف بہتر ٹرانسپورٹ کی فراہمی ممکن ہوگی بلکہ ماحولیات پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔شہری حلقوں نے بھی اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیرآباد جیسے شہر میں اس نوعیت کے منصوبے ٹرانسپورٹ کے مسائل حل کرنے اور عوام کو ریلیف دینے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *